صوبہ پنجاب کے علاقے حسن ابدال میں سیلابی ریلے میں کار بہہ جانے سے 5 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ 5 افراد کو بچا لیا گیا ہے، جو مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق پنجاب میں ہونے والی شدید بارش کے باعث حسن ابدال کے قریب سیلابی ریلے میں ایک سیون سیٹر کار جس میں 10 افراد سوار تھے، بہہ گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کار میں خواتین، بچوں اور مرد حضرات سمیت 10 لوگ سوار تھے حالانکہ کار میں زیادہ سے زیادہ 7 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔
بدھ کو یہ واقعہ صبح 3 بجے کے قریب حسن ابدال میں جھاری کے مقام پر پیش آیا ہے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کر کاروائی شروع کر دی ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار 5 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کے دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ کار حادثے میں لاپتہ دیگر 5 افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق 5 لوگوں جن میں 50 سالہ عقیل ،55 سالہ وارث ،30 سالہ شہر یار ،55سالہ فرحت ،24 سالہ اسفند کو ریسکیو کرتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال حسن ابدال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ڈوبنے والوں میں صبرہ سلطان عمر 65 سال، نادیہ جعفر عمر 40 سال، ایمان شہر یار عمر 26 سال، نمرہ عمر 24 سال مصطفیٰ عمر 1 سال شامل ہیں۔