کراچی: حکومت نے یومِ آزادی کے موقع پر گاڑی، دکان یا عمارت کی بہتر سجاوٹ پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف ایک ایونٹ منعقد کیا جائے گا، جبکہ خصوصی افراد کے لیے بھی ایک بڑا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے کانسرٹس میں زیادہ سے زیادہ لوگ شرکت کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی جشنِ آزادی کی تقریبات میں سب سے آگے ہوگا۔ تقریبات میں مشاعرہ، رکشہ ریلی اور انسانی جھنڈے کی تشکیل بھی شامل ہوگی۔ تمام شہریوں کو ان تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر بہتر سجاوٹ والی گاڑی، دکان یا عمارت کو انعام سے نوازا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ونٹیج کارز اور ہیوی بائیکس کی ریلیاں منعقد کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی، خواتین کے لیے میلے اور پینٹنگ مقابلے ہوں گے، جبکہ محکمہ ثقافت کو گائیکی کے مقابلے کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 9 سے 11 اگست تک شاہ عبداللطیف بھٹائی کا میلہ ہوگا، جس میں جشنِ آزادی کا رنگ بھی شامل ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ٹریفک پلان بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے، کیونکہ یہ ریلیاں پاکستان کے لیے ہوں گی، اس لیے اگر کچھ تکلیف ہو تو برداشت کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور باضابطہ دعوت نامے بھی ارسال کیے جائیں گے۔ تقریبات کے دوران اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور محکمہ تعلیم اپنے خصوصی پروگرامز ترتیب دے رہا ہے۔