عوام کے لیے خوشخبری، بیرون ملک سے آن لائن اشیا منگوانے سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

عوام کے لیے خوشخبری، بیرون ملک سے آن لائن اشیا منگوانے سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

پاکستانی عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے ڈیجیٹل طریقے سے آن لائن منگوائی جانے والی اشیا اور خدمات پر عائد 5 فیصد ڈیجیٹل ٹیکس ختم کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن کرنے کا منصوبہ سامنے آ گیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اس فیصلے کے تحت گوگل سمیت دیگر امریکی و بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی ڈیجیٹل ٹیکس سے استثنیٰ دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ’ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈ ٹیکس‘ یکم جولائی 2025 سے ان کمپنیوں پرلاگو نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ میں بیرون ملک سے آن لائن منگوائی جانے والی اشیا اور خدمات پر 5 فیصد ٹیکس عائد کیا تھا، جو ان کمپنیوں پر لاگو ہوتا تھا جن کا پاکستان میں کوئی دفتر موجود نہیں۔

تاہم بجٹ میں شامل ایک شق کے تحت وفاقی کابینہ کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ اس ٹیکس کو ختم یا معاف کر سکتی ہے اور اب اس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے یہ ٹیکس ختم کردیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ان تمام بین الاقوامی کمپنیوں پر لاگو ہوگا جو پاکستان میں دفتر نہیں رکھتیں لیکن پاکستانی صارفین کو خدمات فراہم کرتی ہیں، جن میں ٹیمو، علی ایکسپریس، شیئن، گوگل، نیٹ فلکس اور میٹا جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

عالمی کمپنیوں کو بڑا ریلیف

یہ چھوٹ صرف امریکی کمپنیوں تک محدود نہیں بلکہ تمام غیر ملکی پلیٹ فارمز کے لیے ہے۔ اس اقدام کو پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت نے ایک ماہ قبل متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈز ٹیکس ایکٹ 2025 کے تحت لگائے گئے ٹیکس کو واپس لے لیا ہے۔

پاکستانی صارفین اور کاروباروں کے لیے کیا بدلے گا؟

یہ اقدام پاکستانی صارفین کے لیے خوش آئند ہے کیونکہ اب اسٹریمنگ، کلاؤڈ ٹولز، ایپس، ای لرننگ اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی آئے گی اور آن لائن خریداری کے وقت بل میں شامل غیر متوقع فیسز ختم ہو جائیں گی۔

کاروبار، اشتہاری اداروں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار ’ایس ایم ایز‘ کے لیے بھی یہ بڑی سہولت ہے، جو آن لائن اشتہارات، اسٹوریج، یا سافٹ ویئر خدمات جیسے گوگل ورک اسپیس‘ یا ’میٹا ایڈز‘ استعمال کرتے ہیں۔ اب ان کی انوائسز میں 5 فیصد اضافی چارج شامل نہیں ہوگا۔

کن خدمات پر لاگو ہوگا؟

ایف بی آر کے مطابق یہ چھوٹ ان ڈیجیٹل خدمات اور اشیا پر لاگو ہوگی جو خودکار طریقے سے انٹرنیٹ کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں۔ اس میں آڈیو و ویڈیو اسٹریمنگ، کلاؤڈ سروسز، آن لائن سافٹ ویئر، ٹیلی میڈیسن اور کم انسانی مداخلت والے پلیٹ فارم پر مبنی سسٹمز شامل ہیں۔ٹیمو، علی ایکسپریس، شیئن جیسے آن لائن مارکیٹ پلیسز بھی اس دائرے میں آئیں گے۔

دیگر ٹیکسز برقرار

تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ چھوٹ مخصوص نوعیت کی خدمات پر ہے، جب کہ صوبائی سیلز ٹیکس، درآمد شدہ اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی اور آمدنی یا ود ہولڈنگ ٹیکس جیسے قوانین اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو جولائی 2025 سے شروع ہونے والے بلنگ سائیکل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ٹیکس و مالیاتی منصوبے اور وینڈر معاہدے اپ ڈیٹ کرنے چاہییں، تاکہ کسی قسم کی الجھن سے بچا جا سکے۔

یہ فیصلہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور صارفین کے لیے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ٹیکنالوجی تک رسائی آسان ہوگی بلکہ کاروباری لاگت میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

معاشی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ ملے گا اور عوام کے لیے بیرون ملک آن لائن خریداری مزید سستی اورآسان ہو جائے گی۔

Related Articles