لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی جانب سے مون سون کے موسم میں خراب یا جلنے والے بجلی کے میٹرز مفت تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
لیسکوحکام کے مطابق میٹر کی تبدیلی کیلئے صارفین سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔لیسکو چیف انجنیئر رمضان بٹ نے بتایا کہ میٹرز کی تبدیلی کے لیے 3.52 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ یہ سہولت سنگل فیز، تھری فیز اور ایل ٹی ٹو (ایل ٹی-II) میٹرز کے لیے دستیاب ہوگی۔ خراب میٹرز کو “ڈیفیکٹیو کوڈ” لگا کر دو ماہ کے اندر اندر تبدیل کیا جائے گا، اور اس عمل کے لیے کسی قسم کا ڈیمانڈ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ملک بھر کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔ سی پی پی اے نے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی۔
درخواست مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہہ ماہی کی مد میں دائر کی گئی، منظوری کی صورت میں صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد ریلیف کا ملے گا۔
سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت سرکاری ڈسکوز پر بھی ہوگا۔نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 4 اگست کو سماعت کرے گا۔ ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے منظور ہوئیں تو ریلیف مزید بڑھ سکتا ہے۔
ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ تک کا ریلیف ملے گا۔ نیپرا درخواست پر سماعت کے بعد قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔