بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اگلے سال مارچ میں بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا اشارہ دے دیا ہے۔
بھارتی پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران امیت شاہ نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر ایک اور حملے کی دھمکی دی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے ہی بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ امیت شاہ کے اس ممکنہ اقدام کو سیاسی مبصرین ایک خطرناک چال قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی رکن پارلیمنٹ امریندر سنگھ نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیارہ گرائے جانے کے شواہد لوک سبھا کے اجلاس میں پیش کر دیے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس سے تعلق رکھنے والے امریندر سنگھ نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی فوج کے ہاتھ پاؤں باندھ کر حملے کے لیے بھیجا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب سے ہے اور بھٹنڈہ کے قریب بھسیانہ ایئر فورس اسٹیشن کے پاس رافیل طیارے کا ملبہ گرا۔ انہوں نے خود جائے وقوعہ پر جا کر معائنہ کیا، جہاں ایک طیارے کی دم گری ہوئی تھی جس پر “BS-001” لکھا ہوا تھا، جو ایک رافیل طیارے کی شناخت ہے۔
امریندر سنگھ نے اجلاس کے دوران طیارے کے ملبے کی تصاویر بھی پیش کیں۔