محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش برسنے کی پیشگوئی کی ہے ۔
اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کراچی کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ متعدد میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج جزوی طور پر ابر آلود موسم رہےگا جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شہر میں تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں دوپہر کے بعد آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ، اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی جبکہ نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں آج بادل چھائے رہنے، ہلکی بارش اور بوندا باندی کے امکانات موجود ہیں ، بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں , شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب کی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی معیار کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے اور فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹر سے کم بتائی گئی ہے۔
گزشتہ شب کراچی کے مختلف علاقوں، جن میں گلشن اقبال، گلستانِ جوہر، ملیر، اسکیم 33 اور گردونواح شامل ہیں، ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔