تحریک انصاف کا اہم ترین رہنما عہدہ سے فارغ

تحریک انصاف کا اہم ترین رہنما عہدہ سے فارغ

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما احمد خان بھچر کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے 9 مئی 2023 کے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد کیا گیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے احمد خان بھچر کی نااہلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے 108 رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں سنا دی ہیں۔ ان میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سابق وفاقی وزرا شبلی فراز اور زرتاج گل بھی شامل ہیں جنہیں عدالت نے دس، دس سال قید کی سزا سنائی۔

اسی مقدمے میں ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جبکہ رکن پنجاب اسمبلی افضل ساہی کو تین سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

اس مقدمے میں مجموعی طور پر 185 افراد نامزد تھے جن میں سے 108 کو سزا جبکہ 77 کو بری کیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزرا فواد چودھری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمے سے بری کر دیا گیا ہے۔ تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ نمبر 1277 میں 66 میں سے 60 ملزمان کو سزا سنائی گئی جبکہ 6 ملزمان بری ہوئے۔ دوسری جانب تھانہ سول لائن کے مقدمہ نمبر 832 میں تمام 77 افراد کو بری کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو فیصل آباد میں ایک سرکاری املاک پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد مقدمات انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیے گئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ ان مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے، اور یہ ڈیڈ لائن اگلے ماہ ختم ہو رہی ہے۔

چند روز قبل بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں احمد چٹھہ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو 9 مئی کیس میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس سے قبل 21 دسمبر 2024 کو فوجی عدالت نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 افراد کو 10 سال تک قید کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں 26 دسمبر 2024 کو مزید 60 افراد، جن میں عمران خان کے بھانجے حسان نیازی بھی شامل تھے، کو بھی فوجی عدالت نے 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ تاہم، 2 جنوری 2025 کو پاک فوج کے کورٹس آف اپیل نے ان مقدمات میں سزا یافتہ 19 مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی سمیت تحریک انصاف کے 50 سے زائد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 1193 میں جاری کیے گئے۔

جن رہنماؤں کے خلاف وارنٹ جاری ہوئے ان میں عبدالقیوم نیازی، شبلی فراز، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجا، رؤف حسن، مراد سعید، احمد نیازی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، شعیب شاہین، اعظم سواتی، صاحبزادہ حامد رضا، علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار اور شیرافضل مروت شامل ہیں۔

عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کی عدالت میں عدم پیشی پر وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *