نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی معیشت واقعی مردہ ہو چکی ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کی معیشت کو ’’مردہ‘‘ قرار دیا تھا۔ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ تعلقات پر جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔
راہول گاندھی نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ٹرمپ نے سچ کہا ہے، بھارتی معیشت مردہ ہے اور اگر یہ کسی کو نہیں معلوم، تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں۔
راہول گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت بیان کی ہے۔ ان کے مطابق، مودی حکومت صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت کو جن حقیقی مسائل کا سامنا ہے، ان میں سب سے اہم یہ ہے کہ حکومت نے معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے۔
بھارتی معاشی تجزیہ کاروں اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے بھی مودی حکومت کی اقتصادی اور خارجہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے موجودہ صورتحال کو حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔