یورپ جانے کی خواہش اب پہلے سے کہیں زیادہ قابلِ حصول بن گئی ہے، کیونکہ اسپین نے ایک نیا اور انتہائی سستا ویزا متعارف کرایا ہے جو صرف 75 امریکی ڈالر، یعنی تقریباً 21 ہزار پاکستانی روپے میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ ’ڈیجیٹل نوماڈ ویزا‘ ان غیر یورپین شہریوں کے لیے ہے جو ریموٹ ورک کرتے ہیں اور اسپین میں ایک سال یا اس سے زیادہ مدت تک رہائش اور کام کرنا چاہتے ہیں۔
یہ نیا اقدام اسپین کے ’اسٹارٹ اپ ایکٹ‘ کے تحت متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد عالمی ٹیلنٹ اور ریموٹ پروفیشنلز کو راغب کرنا ہے۔ روایتی ورک پرمٹ کے برعکس، یہ ویزا نہ صرف کم خرچ ہے بلکہ اس کا حصول بھی نسبتاً آسان اور تیز تر عمل کے ذریعے ممکن ہے۔
ویزے کی اہلیت
درخواست دہندہ یورپین یونین ممالک سے باہر کا شہری ہو
ریموٹ کام کرنے والا ہو، خواہ کسی غیر ہسپانوی کمپنی کا ملازم یا خود مختار فری لانس پروفیشنل ہو
آمدنی کا کم از کم 80 فیصد حصہ اسپین سے باہر کے ذرائع سے حاصل کر رہا ہو
موجودہ کمپنی یا فری لانس کاروبار کم از کم ایک سال سے فعال ہو
کلائنٹ یا کمپنی کے ساتھ کم از کم 3 ماہ کا ورک کنٹریکٹ یا تجربہ ہو
ویزے کے حصول میں آسانیاں
یورپ کا سب سے سستا ورک ویزا
تیز تر اور آسان اپلائی کرنے کا عمل
ایک سال کی رہائش کی اجازت، جس میں توسیع ممکن ہے
اہل افراد اپنے اہلِ خانہ کو بھی ساتھ لے جا سکتے ہیں
اسپین کی خوبصورتی، ثقافت، اور موسم کے ساتھ بہترین ریموٹ ورکنگ ماحول
درخواست کا طریقہ
درخواست دہندگان یا تو اپنے وطن سے یا اسپین میں موجودگی کے دوران (مثلاً سیاحتی ویزے پر) درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ درج ذیل دستاویزات درکار ہوں گی
ریموٹ ملازمت یا فری لانس معاہدے کا ثبوت
کمپنی یا کاروبار کی کم از کم ایک سال پرانی رجسٹریشن یا سرگرمی کا ثبوت
آمدنی کا مناسب ثبوت
صاف کریمنل ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ
اسپین کی پرکشش طرزِ زندگی، جیسے بارسلونا کی ہلچل، میڈرڈ کی تاریخ، یا بحیرہ روم کے ساحلی مناظر کے ساتھ، یہ ویزا ڈیجیٹل نوماڈز کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ایک نایاب موقع فراہم کرتا ہے۔