یومِ آزادی 2025 کے پرمسرت موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے نیا ملی نغمہ ’دل سے پاکستان‘ جاری کر دیا ہے، جو قومی جوش و جذبے، شہدا کی قربانیوں اور مادرِ وطن سے لازوال محبت کا عکاس ہے۔
یہ نغمہ وطن کی بقا، خودمختاری اور سلامتی کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ نغمے میں بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں حاصل کی گئی کامیابی کو جوش و جذبے سے بھرپور انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اسے عظیم فتح کی یادگار قرار دیا گیا ہے۔
’دل سے پاکستان‘ میں قومی یکجہتی، ترقی اوراستحکام کے عہد کی تجدید کی گئی ہے، جب کہ مسلح افواج کے جذبہ قربانی اور دفاع وطن کے لازوال عزم کو بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔ نغمہ مادرِ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور پوری قوم کو حب الوطنی کے جذبے میں یکجا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔