پاکستان میں حج 2026 رجسٹریشن سے محروم رہ جانے والوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے غیررجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصولی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت مذہبی امور نے حج درخواستوں کی کم تعداد کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا ہے تاکہ دستیاب کوٹہ مکمل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس سال ساڑھے چار لاکھ رجسٹرڈ افراد میں سے سوا لاکھ کا حج کوٹہ مکمل ہونے کا امکان کم ہے، جس پر وزارت نے غیر رجسٹرڈ افراد سے بھی درخواستیں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری حج سکیم کے لیے 38-42 دن کا روایتی طویل پیکج اور 20-25 دن کا مختصر پیکج فراہم کیا جائے گا، ’12 سال سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستوں کی وصولی کا عمل 4 اگست بروز پیر سے شروع ہوگا جو 9 اگست تک جاری رہے گا۔
اس کے بعد غیر رجسٹرڈ عازمین 11 اگست سے 16 اگست تک درخواست جمع کروا سکیں گے، تمام درخواستیں ”پہلے آیئے، پہلے پائیے“ کی بنیاد پر قبول کی جائیں گی، تاہم ترجیح پہلے مرحلے میں رجسٹرڈ عازمین کو دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 38 سے 42 دن کے مکمل حج کے لیے 5 لاکھ روپے، جبکہ 20 سے 25 دن کے مختصر حج اسکیم کے لیے ساڑھے پانچ لاکھ روپے بطور پہلی قسط جمع کروانا ہوں گے، دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر کو کی جائے گی۔
حج درخواستیں ملک بھر کے 14 نامزد بینکوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو مقدس فریضہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا اور حکومتی کوٹے کو مکمل استعمال میں لانا ہے۔