پاکستان کی سیمنٹ صنعت نے نئے مالی سال کا آغاز زبردست رفتار کے ساتھ کیا ہے، جہاں جولائی 2025 میں سیمنٹ کی ترسیلات میں سال بہ سال 30.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مقامی اور برآمدی منڈیوں میں مجموعی طور پر تقریباً 40 لاکھ ٹن سیمنٹ سپلائی کی گئی، جو گزشتہ سال جولائی میں 30.71 لاکھ ٹن تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق صرف مقامی فروخت میں 18.40 فیصد اضافہ ہوا، جو جولائی 2024 کے 25.24 لاکھ ٹن سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 29.88 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو 84.21 فیصد بڑھ کر 10.08 لاکھ ٹن ہو گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 5.47 لاکھ ٹن سیمنٹ برآمد کی گئی تھی۔
علاقائی سطح پر مانگ
اعداد و شمار کے مطابق شمالی علاقوں میں قائم فیکٹریوں نے جولائی میں 26.50 لاکھ ٹن سیمنٹ فراہم کی، جو گزشتہ سال کے 22.53 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 17.61 فیصد زیادہ ہے۔ شمال میں مقامی فروخت میں 12.26 فیصد اضافہ ہوا، جو 21.54 لاکھ ٹن سے بڑھ کر 24.19 لاکھ ٹن ہو گئی۔ برآمدات میں غیر معمولی 133.96 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو 99,020 ٹن سے بڑھ کر 231,665 ٹن ہو گئی۔
جنوبی علاقوں میں قائم ملوں کی مجموعی ترسیلات 64.64 فیصد اضافے سے 13.5 لاکھ ٹن تک پہنچ گئیں۔ مقامی فروخت 54.23 فیصد بڑھ کر 569,954 ٹن ہو گئی، جبکہ برآمدات میں 73.22 فیصد اضافہ ہوا اور وہ 776,459 ٹن تک پہنچ گئیں۔
مشکلات کے باوجود مثبت آغاز
آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں خراب موسم کے باوجود سیمنٹ صنعت نے نئے مالی سال کا آغاز مثبت انداز میں کیا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آئندہ مہینوں میں بہتر معاشی اشارے سیمنٹ صنعت کی رفتار کو مزید تیز کریں گے۔
جولائی کی یہ مضبوط کارکردگی تعمیرات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں بحالی کی عکاسی کرتی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور متعلقہ صنعتوں کے لیے بھی خوش آئند اشارہ ہے۔