سابق وزیر اعظم و تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار عبدالقیوم خان نیازی کو گرفتار کر لیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق عبد القیوم نیازی کے خلاف نو مئی کے مقدمہ میں ایف آئی آر درج تھی۔
دو روز قبل عبد القیوم نیازی کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے تھے اس پر گرفتاری ہوئی ہے،عبدالقیوم نیازی کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو سماہنی سے بھمبر جاتے ہوئے راستے سے حراست میں لے لیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نے بھمبر اور برنالہ میں ریلیوں میں شرکت کرنا تھی۔
عبد القیوم نیازی کے خلاف راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گیارہ سے زائد مقدمات ہیں جن میں ان کے وارنٹ بھی جاری کئے گئے تھے ،کچھ دن قبل اسلام آباد کی عدالت نےعبدالقیوم خان نیازی کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ عمران کی رہائی کے لیے 5 اگست کو پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا اور اس کی قیادت آزاد کشمیر سے قیوم نیازی نے کرنی تھی ،مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے ۔