پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا شیڈول جاری کر دیا

پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا شیڈول جاری کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کی مقبول کرکٹ لیگ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ،نئے سیزن کے مقابلے چھبیس مارچ سے شروع ہو کر تین مئی تک جاری رہیں گے۔

مجموعی طور پر چوالیس میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

اس سیزن کی سب سے بڑی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار لیگ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، دو نئی فرنچائزز بھی لیگ کا حصہ بن گئی ہیں جن میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز شامل ہیں، ان نئی ٹیموں کی شمولیت سے مقابلہ مزید دلچسپ اور سخت ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ملتان سلطانز کی پی ایس ایل میں واپسی

اس بار لیگ کے میچز چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے، فیصل آباد اور پشاور پہلی مرتبہ اس لیگ کی میزبانی کریں گے جس سے ان شہروں کے شائقین کو بھی براہِ راست بڑے مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا، پشاور میں میچز عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے جبکہ فیصل آباد میں بھی متعدد اہم مقابلے شیڈول کیے گئے ہیں۔

لیگ مرحلے میں ہر ٹیم دس دس میچز کھیلے گی جس کے بعد پلے آف مرحلہ اٹھائیس اپریل سے شروع ہوگا، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گیارہ میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک اہم کوالیفائر بھی شامل ہوگا، اسی طرح قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پندرہ میچز شیڈول کیے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد میں پہلی بار سات مقابلے ہوں گے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں چار میچز کھیلے جائیں گے جن میں ملتان سلطانز ایکشن میں نظر آئیں گے، اسی طرح نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں بھی چھ میچز رکھے گئے ہیں۔ اس سیزن میں بارہ ڈبل ہیڈر مقابلے بھی شیڈول کیے گئے ہیں جن میں ایک ہی دن دو میچز کھیلے جائیں گے۔

دوسری جانب لیگ کی کوریج کے لیے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق میڈیا منظوری کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تیرہ مارچ مقرر کی گئی ہے۔ کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ لیگ کا یہ سیزن بھی سنسنی خیز مقابلوں اور بھرپور تفریح سے بھرپور ہوگا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *