ایک خاموش لیکن اہم اقدام کے طور پر ’اسپیس ایکس‘ نے ایک نیا اسٹار لنک پلان متعارف کرایا ہے جو سیٹلائٹ انٹرنیٹ کو زیادہ سستا اور قابل رسائی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بنیادی سہولیات یا مالی وسائل کی کمی ہے۔
نئی پیشکش، جس کا نام ’اسٹار لنک کمیونٹی‘ رکھا گیا ہے، ایک مشترکہ ماڈل متعارف کراتی ہے جس کے تحت کئی صارفین ایک ہی اسٹار لنک ڈِش ٹرمینل سے جڑ سکتے ہیں، ہر صارف کا اپنا علیحدہ اکاؤنٹ اور انفرادی انٹرنیٹ تجربہ ہوگا۔
اس پلان کی ماہانہ قیمت صرف 60 ڈالر رکھی گئی ہے، جو اسٹار لنک کے موجودہ ریذیڈنشل لائٹ 80 ڈالراوراسٹینڈرڈ ریذیڈنشل 120 ڈالر پیکجز سے خاصی کم ہے۔
اگرچہ اسپیس ایکس نے باضابطہ طور پر اس منصوبے کا اعلان نہیں کیا، لیکن کمپنی کی ویب سائٹ Starlink.com پر ایک معاون صفحہ اور ایک ’کمیونٹی‘ پلان کا پلیس ہولڈر ظاہر ہوا ہے۔ یہ منصوبہ بیان کرتا ہے کہ ’ایک اسٹار لنک، متعدد صارفین، ہر ایک کا اپنا اکاؤنٹ اور بغیر تیز ترین انٹرنیٹ کا بغیر کسی رکاوٹ تجربہ حاصل کریں‘۔
ایک ڈِش، کئی صارفین
روایتی اسٹار لنک سروس کے برعکس، جس میں ہر گھر کے لیے ایک ڈِش درکار ہوتی ہے، کمیونٹی پلان کے تحت متعدد صارفین ایک ہی ٹرمینل سے جڑ سکتے ہیں، اور اپنے ذاتی وائی فائی راوٹرز کے ذریعے ایک مشترکہ نیٹ ورک سوئچ سے کنیکٹ ہوتے ہیں۔ یہ ماڈل خاص طور پر فلیٹوں، اپارٹمنٹس یا دیہی علاقوں کے لیے موزوں ہے، جہاں انٹرنیٹ کی سہولت یا تو موجود نہیں یا بہت مہنگی ہے۔
اس پیشکش میں ایک علیحدہ ورژن ’کمیونٹی ہاٹ سپاٹ‘ بھی شامل ہے، جو مختصر مدت کے لیے ایک ڈیوائس کو کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا، اگرچہ اس کے بارے میں تفصیلات تاحال محدود ہیں۔
عالمی سطح پر آغاز متوقع
یہ پروگرام سب سے پہلے بین الاقوامی مارکیٹوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں اسپیس ایکس سستے انٹرنیٹ کی تلاش میں ہے۔ مئی کے مہینے میں کمپنی نے بین الاقوامی ری سیلرز اور انسٹالرز کو ای میلز بھیجیں، جن میں پرتگالی زبان میں کمیونٹی پروگرام کی جھلک دی گئی۔
دستاویزی شواہد کے مطابق، اسپیس ایکس مقامی ری سیلرز کے ذریعے اس سروس کو متعارف کرانے، انسٹال کرنے اور برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ہر نئے صارف کے لیے ری سیلرز کو کمیشن بھی دیا جائے گا۔
ابھی تک مکمل نہیں
اگرچہ یہ تصور انٹرنیٹ کی رسائی کو ان علاقوں میں ممکن بنا سکتا ہے جہاں براڈبینڈ دستیاب نہیں، لیکن اس ماڈل کے کچھ ممکنہ نقصانات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ تاحال اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ایک ہی ڈِش پر کئی صارفین کے جڑنے سے رفتار یا بینڈوڈتھ پر کیا اثر پڑے گا۔
ابھی تک رسمی لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، اور اسٹار لنک کمیونٹی کا ویب پیج غیر فعال ہے۔ اسپیس ایکس کی طرف سے بھی اس بارے میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
تاہم، اسٹار لنک کمیونٹی پروگرام سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے میدان میں ایک اہم تبدیلی لا سکتا ہے، جو ان علاقوں کے لیے سستے اور قابل بھروسہ انٹرنیٹ کا ایک نیا راستہ کھولتا ہے جہاں ابھی تک براڈبینڈ کی سہولت میسر نہیں۔