بجلی کے صارفین کے لیے اگست، ستمبر اور اکتوبر کے بلوں میں ممکنہ طور پر کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس سے عوام کو مہنگائی میں کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 0.77 روپے کی کمی کا امکان ہے، جس میں ٹیکس بھی شامل ہے۔ یہ کمی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی جا سکتی ہے۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) میں چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست جمع کرائی تھی، جس کی سماعت 4 اگست 2025 کو کی گئی۔ اس درخواست کے مطابق، چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1.89 روپے فی یونٹ تک کمی کی جا سکتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ترمیمی معاہدوں کے سبب بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی آئی، اور یہی کمی اگست کے بلوں میں 0.34 روپے فی یونٹ کی اضافی کمی کی صورت میں ظاہر ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، جون 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بھی 16 جولائی کو نیپرا میں جمع کرائی گئی، جس کے تحت اگست کے بلوں میں 0.78 روپے فی یونٹ کی مزید کمی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ جولائی 2025 کے بلوں میں بھی صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 0.50 روپے فی یونٹ کی کمی واپس ملی تھی، اور اب اگست میں اس میں مزید 0.28 روپے فی یونٹ کی کمی کا امکان ہے۔ اگر نیپرا K کی جانب سے تجاویز کی منظوری دی جاتی ہے تواگلے تین مہینوں کے بلوں میں عوام کو ریلیف ملے سکے گا۔