مزید بارشوں کی پیشگوئی، ملک بھر میں الرٹ جاری؛ جانیں بارشیں کب تک برسیں گی؟

مزید بارشوں کی پیشگوئی، ملک بھر میں الرٹ جاری؛ جانیں بارشیں کب تک برسیں گی؟

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ ہفتے کے ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 8 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق، این ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جو ایک گھنٹے کے اندر 28,657 کیوسک سے بڑھ کر 33,653 کیوسک تک پہنچ گیا۔

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 سے 7 اگست کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائے ستلج اور بیاس کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

بھارت میں واقع بھاکڑا ڈیم 55 فیصد اور پونگ ڈیم 56 فیصد بھر چکے ہیں، اور ان ڈیموں سے مزید پانی چھوڑے جانے کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اس ہفتے نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے فوری ردعمل، نکاسی آب اور ممکنہ انخلا کی تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سمیت ملک میں مزید بارشیں متوقع ، پی ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

بیان میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور تیز بہاؤ کے دوران ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے احتیاط کریں۔ نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کے لیے مقامی انتظامیہ اور ادارے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں۔

دوسری جانب، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے لاہور میں اربن فلڈنگ کی پیشگوئی کر دی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دو روز، یعنی بدھ اور جمعرات کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث ان شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

لاہور میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج سے 7 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *