عالمی اور ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ملکی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,500 روپے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 59 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 3 لاکھ 58 ہزار روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1,286 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 6 ہزار 927 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
عالمی صرافہ منڈیوں میں بھی سونے کے بھاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر فی اونس سستا ہو کر 3,353 ڈالر فی اونس پر آ گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی اور ملکی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا تھا۔
گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 59 ہزار 500 روپے میں فروخت ہوا، جب کہ 10 گرام سونا 429 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 8 ہزار 213 روپے تک پہنچ گیا تھا۔