اسلام آباد اورراولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا اورگرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں آج موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقوں جی سکس، ایف سکس، جی سیون، ایف سیون، آئی ایٹ، ایف ٹین ، بنی گالہ، راول چوک اور بہارہ کہو میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑدیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی کے فیض آباد، ڈبل روڈ، شمس آباد، سکس روڈ، کھنہ پل اورگردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا،
بنوں اور آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے ۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں میں نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
محکمہ مو سمیات کے مطابق آج اسلام آباد ، بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا اورکشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے،بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ہیں اورآج بوندا باندی ہوگی، شہرقائد کا درجہ حرارت 33 ڈگری تک رہے گا، شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کاکہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، شہر میں جنوب مغربی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رقتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 75فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطا بق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ باقی دریا اپنے اپنے ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔