پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہا ہے کہ وہ ہر حال میں پارٹی اور چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے، ہم اپنے مقدمات عدالتوں میں لڑیں گے۔
آزاد ڈیجیٹل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عمر ایوب خان نے کہا کہ ’الحمدللہ، میں نے رات نوافل ادا کیے اور رب کا شکر ادا کیا کہ اس نے مجھے استقامت دی کہ میں اپنے لیڈر اور پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں‘۔
عمر ایوب اس وقت پشاور ہائیکورٹ میں موجود ہیں جہاں وہ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی طرح قانونی محاذ پر سرگرم ہیں۔ ہائیکورٹ میں آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے کیسز عدالتوں میں لڑیں گے اور یہ سوچنا کہ پارٹی لیڈر شپ کو نیوٹرلائز کر کے تحریک کو ختم کیا جا سکتا ہے، خام خیالی ہے۔ یہ عارضی طور پر ممکن ہے، لیکن مستقل طور پر نہیں‘۔
انہوں نے تاریخی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرائے گئے، لاکھوں لوگ ختم ہو گئے، لیکن وہ شہر آج بھی موجود ہیں اور ترقی کر رہے ہیں‘۔
عمر ایوب نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور یہ جماعت نہ صرف قائم رہے گی بلکہ پہلے سے زیادہ منظم انداز میں آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان نے ایک دن دنیا سے جانا ہے، مگر نظریات اور تحریکیں زندہ رہتی ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور عوامی شعور اور حمایت پارٹی کو مزید مضبوط بنائے گی۔