اسلام آباد: پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق، دفتر خارجہ نے یوکرین تنازع سے متعلق پاکستانی شہریوں پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے رد کر دیا ہے اور انہیں بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “اب تک یوکرینی حکام کی جانب سے کوئی قابلِ تصدیق شواہد فراہم نہیں کیے گئے اور نہ ہی پاکستان کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔”
دفتر خارجہ کے مطابق، حکومت پاکستان اس معاملے میں یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کرے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا غیر ذمہ دارانہ بیانات کو روکا جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان یوکرین تنازع کا پُرامن حل چاہتا ہے اور ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتا ہے جو حقائق کے برخلاف ہوں۔