اپنے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کرالیں،وزیر دفاع کا بھارت کو چیلنج

اپنے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کرالیں،وزیر دفاع کا بھارت کو چیلنج

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کے دعوئوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات نہ صرف ناقابلِ یقین ہیں بلکہ ان کا وقت بھی ناموزوں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ردعمل میں خواجہ آصف نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سینئربھارتی فوجی افسران کو اُن ناکامیوں کا چہرہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے جو بھارتی سیاست دانوں کی اسٹریٹجک بصیرت کی کمی کے باعث سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ تین ماہ تک بھارت کی جانب سے کوئی ایسا دعویٰ سامنے نہیں آیا جب کہ پاکستان نے واقعے کے فوراً بعد عالمی میڈیا کو مکمل تکنیکی بریفنگ دی۔

آزاد مبصرین، عالمی رہنماؤں، سینئر بھارتی سیاست دانوں اور غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں نے اپنے جائزوں میں رافیل سمیت کئی بھارتی جنگی طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں :بھارتی خفیہ ایجنسی کی نااہلی کی وجہ سے رافیل طیارے گرے، رائٹرز کی تہلکہ خیز رپورٹ

وزیر دفاع کے مطابق بھارت ایک بھی پاکستانی طیارہ گرانے میں ناکام رہا جب کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے چھ جنگی طیارے ایئر ڈیفنس سسٹم کی بیٹریاں، ڈرون طیارے تباہ کیے اور متعدد بھارتی فضائی اڈوں کو ناکارہ بنایا۔


لائن آف کنٹرول پر بھارتی نقصانات کہیں زیادہ تھے،خواجہ آصف نے تجویز دی کہ اگر حقیقت پر سوال ہے تو دونوں ممالک اپنے طیاروں کی فہرست آزادانہ تصدیق کے لیے پیش کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگیں جھوٹ سے نہیں بلکہ اخلاقی برتری، قومی عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے جیتی جاتی ہیں، داخلی سیاسی فائدے کے لیے گھڑی گئی ایسی کہانیاں ایٹمی خطے میں خطرناک غلط فہمیوں کو بڑھا سکتی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا فوری، یقینی اور متناسب جواب دیا جائے گااور ایسی کسی بھی کشیدگی کی ذمہ داری ان بھارتی رہنماؤں پر ہوگی جو وقتی سیاسی مفاد کے لیے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *