خیبر پختونخوا شعبہ صحت میں 28ارب61کروڑ کی سنگین مالی بے قاعدگیاں رپورٹ

خیبر پختونخوا شعبہ صحت میں 28ارب61کروڑ کی سنگین مالی بے قاعدگیاں رپورٹ

تحریک انصاف کے گزشتہ دور میں صحت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مد میں 28ارب61کروڑ37لاکھ روپے کی سنگین مالی بے قاعدگیاں اور بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئی ہیں یہ بے قاعدگیاں صحت سہولت کارڈ، پرائیویٹ ہسپتالوں کوغیر ضروری طور پر صحت سہولت کارڈ کے پینل میں شامل کرنا، ہیلتھ کئیر کمیشن کے پینل پر نہ ہونے کے باوجود پرائیویٹ ہسپتالوں کو اربوں روپے کی ادائیگی کرنا اور کمزور مالی انتظام کی وجہ سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے 2017-18ء سے 2021-22ء کے دوران صحت کے شعبہ میں صحت سہولت کارڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کارکردگی آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔محکمہ صحت نے ہسپتالوں میں سروسز کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ صحت کا چیئرمین سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کیساتھ ہونے والے معاہدہ کے مطابق ہیلتھ کئیر کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ہسپتالوں کو صحت سہولت کارڈ کے پینل میں شامل کیا جائے گا۔آڈٹ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ صوبہ کے 10اضلاع سے صحت سہولت کارڈ کے پینل میں شامل 48میں سے 17 ہسپتال ہیلتھ کئیر کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ نہیں تھے جن کو صحت سہولت پروگرام کے تحت ادائیگی کی گئی۔

سوات کی صرف دو ہسپتالوں انور ہسپتال اور کنگز انٹرنیشنل ہسپتال کو ایک ارب ایک ارب2کروڑ80لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں جو ہیلتھ کئیر کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ہی نہیں ہے۔ 2017-18ء سے 2021-22ء کے دوران سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو 27ارب ایک کروڑ66لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی جس میں 8فیصد کے حساب سے 2 ارب 16 کروڑ13لاکھ روپے انکم ٹیکس بنتا تھا تاہم یہ کٹوتی نہیں کی گئی اور خزانہ کو یہ نقصان برداشت کرنا پڑا۔

32ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پہلے، دوسرے، تیسرے اور چوتھے مرحلے میں ہسپتالوں کی ضرورت کے بغیر سکیورٹی اور چوکیدار عملہ کو بھرتی کیا گیا۔ ہسپتالوں میں ضرورت سے زیادہ بھرتی سکیورٹی اور چوکیدار عملہ کی مد میں خزانہ کو 82کروڑ40لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے سیکرٹری صحت نے ہسپتالوں کیلئے آوٹ سورس دونوں سروسز کو فروری2023ء میں معطل کیا۔ یکم مارچ 2022ء کو محکمہ صحت اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مابین سنٹرل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے قیام سے متعلق معاہدہ پر دستخط ہوئے اس معاہدے کے تحت نادرا نے صحت سہولت پروگرام کیلئے سنٹرل مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانا تھا جو کہ نہیں ہوا۔ آزادانہ سسٹم کی عدم دستیابی کی وجہ سے صحت سہولت کارڈ سے استفادہ حاصل کرنے والے مریضوں کامکمل ڈیٹا دستیاب نہیں جو صحت سہولیات میں ناقص انتظامات کی جانب واضح اشارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں غیر شفاف ٹھیکوں اور مالی بے ضابطگیوں سے 7 ارب روپے سے زائد کا نقصان

غیر تدریسی ہسپتالوں میں اصلاحات لانے کیلئے 2ارب 7کروڑ10لاکھ روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا گیا تاہم اس مد میں 46کروڑ80لاکھ روپے خریداری اور سکیورٹی سروسز کی خدمات کی مد میں خرچ کی گئیں۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق پبلک ہسپتالوں سے 25فیصد حصہ وصول نہ کرنے سے خزانہ کو 27کروڑ47لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ محکمہ صحت کا سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کیساتھ ہونے والے معاہدہ کے تحت پریمیئم سٹیبلائزیشن ریزرو(پی ایس آر) کا قیام عمل میں لانا تھا۔ کارکردگی آڈٹ کے دوران معلوم ہوا کہ پی ایس آر پروگرام کا جنوری 2021ء کا بیلنس 2022 کے تیسرے کوارٹر میں ظاہر کیا گیا اور یہاں پر ایک ارب 16کروڑ92لاکھ روپے کا فرق دیکھنے میں آیا۔

آڈٹ پیرا کے مطابق سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی نے جنوری 2017سے جون2019اور نومبر2020سے جون2021کے دوران 2کروڑ23لاکھ روپے کا ریزرو فنڈ ناجائز طور پر اپنے پاس رکھا اور اس کا استعمال نہیں کیا۔ آڈٹ پیرا کے مطابق 19کروڑ80لاکھ روپے سامان خریداری کیلئے ٹینڈر کو اخبارات میں مشتہر نہیں کیا گیا منظور نظر کمپنی سے خریداری کی گئی اور خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد و ضوابط کے برعکس یہ خریداری عمل میں لائی گئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی انفراسٹرکچر بحالی منصوبہ کیلئے مجموعی طور پر 2ارب40کروڑ روپے منظور کئے گئے اس منصوبے کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا اور پہلے اور دوسرے مرحلے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا کام کیلئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی خدمات حاصل کی گئیں اور جون 2022ء میں ایڈوانس میں ایک ارب7کروڑ20لاکھ روپے کی ادائیگی بھی کی گئی تاہم اپریل2023ء تک اس میں ایک روپے کاکام بھی نہیں ہوا۔

آڈٹ پیرا کے مطابق بعض اضلاع میں صحت سہولت کارڈ کے تحت ہسپتالوں کی درجہ بندی میں شفافیت کا خیال نہیں رکھا گیا ہے اور غیر ضروری طور پر بعض اضلاع میں ایسے ہسپتالوں کو فہرست میں شامل کیا گیا جن کو صرف مالی فائدہ پہنچانا مقصد تھا۔

آڈٹ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ خطیر رقم خرچ کرنے اور ہسپتالوں کو خود مختاری دینے کے باوجود صوبے کے عوام کا سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ پر اعتماد بحال نہیں ہے صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت 2021ء کے دوران 69فیصد عوام نے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کیا اور صرف 31فیصد نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کو ترجیح دی جبکہ پرائیویٹ ہسپتال نے فی مریض کی مد میں سرکاری ہسپتال سے کئی گنا زیادہ رقم وصول کی۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں فائرنگ کے 2 واقعات ، 4 سیکیورٹی جوانوں سمیت 7 افراد شہید

آڈٹ رپورٹ میں ضلع صوابی کے ایک سرکاری اور ایک پرائیویٹ ہسپتال کی اعداد وشمار کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق با چا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی میں 29ہزار911مریض داخل ہوئے اور اس مد میں ہسپتال نے 33کروڑ82لاکھ روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا دوسری جانب صوابی ہی میں پرائیویٹ سردار خان ہسپتال میں 14ہزار999مریض داخل ہوئے اور ہسپتال نے 88کروڑ27لاکھ روپے خرچ کرنے کا دعویٰ کیا۔

contributor

Related Articles