سرکاری حج سکیم 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق آن لائن پورٹل اور نامزد بینکوں میں جمع کرائی گئی درخواستوں کی تعداد 71 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کاکہنا ہے کہ اخراجات کی پہلی قسط کے ساتھ درخواستوں کی وصولی 11 تا 16 اگست جاری رہے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ عازمین حج بھی درخواست جمع کرا سکیں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سمندر پار پاکستانی بھی قریبی عزیز کے ذریعے نامزد بینکوں میں حج کا داخلہ کروا سکتے ہیں، بیرون ملک مقیم افراد میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ وطن پہنچنے پر جمع کروائیں گے، کوٹہ مکمل ہوتے ہی حج درخواستوں کی وصولی روکنے کا اعلان کر دیا جائے گا۔
یاد رہے اگلے سال پاکستان کو حج کوٹے کے سلسلے میں 179210 کا کوٹہ جاری کیا گیا ہے، ان میں وزارت مذہبی امور کے مطابق 129210 سرکاری سکیم کے تحت پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
باقی کوٹہ نجی سکیموں کے تحت حج ادا کرنے کے خواہش مندوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج زیادہ سے زیادہ 38 سے 42 دنوں کے لیے حجاز مقدس میں قیام کر سکیں گے جبکہ سرکاری سکیم کے تحت کم مدتی قیام حجاز 20 سے 25 دنوں کے لیے ہوگا۔
سرکاری سطح پر حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ پچاس ہزار اور بارہ لاکھ پچاس ہزار کا لگایا گیا ہے اور یہ رقم ڈالرز کی صورت میں بالترتیب 4050 ڈالر اور 4236 ڈالر ہوگی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکاری حج کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ کوٹہ 30 فیصد کرنے کی منظوری دی تھی ، جبکہ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے سرکاری کوٹہ 40 فیصد اور پرائیویٹ کوٹہ 60 فیصد رکھنے کی سمری پیش کی گئی تھی۔