ملک کی مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ہوگئی، فی تولہ سونا 3600 روپے اور فی اونس 36 ڈالر سستا ہوگیا۔
آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 3600 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 58 ہزار 800 روپے اور دس گرام 3086 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 7 ہزار 613 روپے پر آگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 36 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 3361 ڈالر کا ہوگیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں چاندی کی قیمت 51 روپے کمی سے 4013 روپے اور فی اونس نرخ 0.51 ڈالر گرنے کے بعد 37.80 ڈالر پر آگئے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو بھی پاکستان اور عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان سمیت بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کبھی کمی اور کبھی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے اور کچھ بین الاقوامی فنانشل ادارے رواں سال اس قیمتی دھات کے نرخ مزید بڑھنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے،بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔
اسی وجہ سے مرکزی بینک سونے کے بڑے ذخیرہ کار ہیں، جو تاریخ میں کان کُنی کے ذریعے نکالے گئے مجموعی سونے کا تقریباً پانچواں حصہ رکھتے ہیں۔