خیبرپختونخوا : پی ٹی آئی دورِ حکومت میں 19 ارب 66 کروڑ 80 لاکھ روپے کی مزید بے قاعدگیاں بے نقاب

خیبرپختونخوا : پی ٹی آئی دورِ حکومت میں 19 ارب 66 کروڑ 80 لاکھ روپے کی مزید بے قاعدگیاں بے نقاب

 خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) میں الیکٹرانک بڈنگ سسٹم کے باوجود 19 ارب 66 کروڑ 80 لاکھ روپے کی مبینہ بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

 خصوصی آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2017-18ء سے 2021-22ء کے دوران ناقص ٹینڈرنگ نظام، منظور نظر کمپنیوں کو ٹھیکے دینے، غیر مجاز فرموں کی شمولیت اور زائد قیمتوں پر ٹھیکے دینے جیسے اقدامات سے صوبائی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ایگزیکٹیو انجینئر بلڈنگ ڈویژن نے ایک ارب 53 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے مشتہر کیے، مگر خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد کے برخلاف خواہشمند کمپنیوں کو مقررہ 15 دن کا وقت دینے کے بجائے صرف دو سے چار دن کی مہلت دی گئی۔ یہی طریقہ ایگزیکٹیو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو لکی مروت ڈویژن نے 48 کروڑ 93 لاکھ روپے کے منصوبوں میں بھی اپنایا، جس سے مجموعی طور پر ایک ارب 54 کروڑ 24 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

مزید یہ کہ 2021-22ء کے دوران مختلف ڈویژنز نے 15 ارب 82 کروڑ 66 لاکھ روپے کے 229 ترقیاتی منصوبوں کے لیے ٹینڈرز جاری کیے، لیکن حیران کن طور پر صرف ایک ہی کمپنی نے بولی دی اور تمام منصوبے اسی کو دے دیے گئے۔ اسی طرح ایک ارب 8 کروڑ 30 لاکھ روپے کے مزید 55 منصوبے بھی بغیر کسی مسابقت کے ایک ہی فرم کو دیے گئے، جس سے 17 ارب 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹینڈر کے عمل میں تاخیر کے باعث 14 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ 85 کروڑ روپے لاگت کے 83 منصوبوں میں شفافیت کا خیال نہیں رکھا گیا۔ ہائی وے ڈویژن اورکزئی اور مہمند میں ای بڈنگ کے دوران آئی پی ایڈریس کو خفیہ نہ رکھا گیا۔ ایکسین ہائی وے ڈویژن شمالی وزیرستان نے 5 کروڑ 20 لاکھ روپے کے منصوبے میں منظور نظر شخص کو ٹھیکہ دیا، جبکہ مشینری، آلات اور دیگر مدات میں 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کی مشکوک خریداری کی گئی جس کا ریکارڈ دستیاب نہیں۔

خصوصی آڈٹ رپورٹ میں ان تمام بے ضابطگیوں کی مکمل انکوائری اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

author

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *