پاکستان کے سینیئر صحافی مرتضیٰ سولنگی اور بین الاقوامی امور کے ماہر احمد حسن العربی کی مشترکہ تصنیف’The War That Changed Everything‘ (وہ جنگ جس نے سب کچھ بدل دیا) شائع ہو گئی ہے۔ کتاب نے جنوبی ایشیا اور عالمی سطح پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
اس جرات مندانہ تحقیقاتی کتاب میں 2025 کے متنازع پہلگام واقعے کے پیچھے چھپائی گئی سچائی کو بے نقاب کیا گیا ہے، جسے مصنفین نے گہری منصوبہ بندی کے تحت پھیلائی گئی جھوٹ پر مبنی مودی سرکار کی مہم قرار دیا ہے۔
یہ کتاب بھارتی حکومت کے اُس سرکاری مؤقف کو براہ راست چیلنج کرتی ہے، جس میں مودی سرکار نے پہلگام میں ہونے والے ’فالس فلیگ‘ کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا تھا۔ تاہم مرتضیٰ سولنگی اور احمد حسن العربی کی تحقیق سے سامنے آنے والا بیانیہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ واقعہ دراصل ایک گہری سازش کا حصہ تھا، جس کا مقصد بھارت میں قوم پرستی کو ہوا دینا، فوجی کارروائیوں کو جواز فراہم کرنا اور اندرونی اختلاف رائے کو دبانا تھا۔
کتاب میں مصنفین نے 2 دہائیوں پر محیط فیلڈ رپورٹنگ، انٹیلی جنس تجزیوں اور جغرافیائی تحقیق کی بنیاد پر جو شواہد پیش کیے ہیں، ان میں لیک شدہ خفیہ دستاویزات، تصدیق شدہ آڈیو ریکارڈنگز، سیٹلائٹ تصاویر، مالیاتی لین دین کے ثبوت اور ڈرون فرانزکس شامل ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کتاب کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر کہا کہ’ پہلگام کے بعد جو کچھ ہوا وہ صرف عسکری تناؤ نہیں تھا، بلکہ ایک معلوماتی جنگ تھی جس کا مقصد سچ کو دبا کر پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔ ہمارا مقصد صرف مؤقف کو چیلنج کرنا نہیں، بلکہ اصل تاریخ کو واپس لانا ہے‘۔
احمد حسن العربی نے کہاکہ ’یہ مسئلہ صرف جنوبی ایشیا کا نہیں، بلکہ ایک عالمی خطرہ ہے۔ جب آمرانہ حکومتیں مذہب، قوم پرستی اور جھوٹی معلومات کو ہتھیار بنا کر عوام کی رائے پر اثر انداز ہوتی ہیں تو وہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن جاتی ہیں‘۔
کتاب میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’پہلگام‘ واقعہ ایک ایسے دور کا آغاز تھا جس میں سچ اور جھوٹ کے درمیان لکیر جان بوجھ کر مٹا دی گئی اور جدید دور کی جنگ میڈیا اور معلومات کے ذریعے لڑی جا رہی ہے۔ مصنفین نے بین الاقوامی برادری اور آزاد صحافیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس خطرناک رجحان کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔
“The War That Changed Everything” صحافت، آزادیِ اظہار، اور سچ کی بقا کے لیے ایک اہم دستاویز قرار دی جا رہی ہے۔ یہ کتاب اب دنیا بھر میں کتاب فروشوں اور آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔