بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں تعینات 4 پاکستانی سفارتکاروں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ سفارتکار نجی رہائش گاہوں میں کرائے پر مقیم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں سفارتکاروں کو مالک مکان کی جانب سے کرایہ داری معاہدے کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی نوٹس دیا گیا۔ سفارتکاروں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کے گھروں میں گیس اور انٹرنیٹ کی سہولیات وقتاً فوقتاً معطل کی جاتی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ سفارتکاروں سمیت 17 اسٹاف ارکان کے بھارتی ویزوں میں توسیع بھی بھارتی وزارت خارجہ میں زیر التوا ہے، حالانکہ ان ویزوں کی توسیع کے لیے 3 سے 5 ماہ قبل درخواست دی گئی تھی۔