اسلام آباد۔ پاکستان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے آج دیے گئے “بچگانہ ریمارکس” کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ریمارکس حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹانے کے دیرینہ رجحان کی ایک اور مثال ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کا مبینہ “ایٹمی بلیک میل” کا بیانیہ گمراہ کن اور خود غرضی پر مبنی ہے۔ پاکستان طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے خلاف اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کا جب بھی جواب دیا جاتا ہے تو وہ عقل سے عاری اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے۔ پاکستان ایٹمی ہتھیار رکھنے والا ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کا ایٹمی کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچہ مکمل سولین کنٹرول میں ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اس نوعیت کے اہم معاملات میں ضبط و تحمل سے کام لیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مضبوط حصار ہیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے بے بنیاد دعوے حقیقت اور ثبوت سے عاری ہیں جبکہ تیسرے ممالک کو بلاوجہ شامل کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ رویہ اس کی سفارتی کمزوری ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور بھارتی جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ کسی بھی کشیدگی کی ذمہ داری بھارتی قیادت پر عائد ہوگی۔