وفاقی وزیر داخلہ خواجہ آصف نے بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے آج دیے گئے “بچگانہ ریمارکس” کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے نیو کلیئر حملے کی کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کو تاریخی فتح ملی ہے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مودی کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے۔
قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی واضح کیا کہ بھارت کا مبینہ “ایٹمی بلیک میل” کا بیانیہ گمراہ کن اور خود غرضی پر مبنی ہے۔ پاکستان طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کے خلاف اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کا جب بھی جواب دیا جاتا ہے تو وہ عقل سے عاری اور بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے۔ پاکستان ایٹمی ہتھیار رکھنے والا ایک ذمہ دار ملک ہے اور اس کا ایٹمی کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچہ مکمل سولین کنٹرول میں ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اس نوعیت کے اہم معاملات میں ضبط و تحمل سے کام لیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مضبوط حصار ہیں۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے بے بنیاد دعوے حقیقت اور ثبوت سے عاری ہیں جبکہ تیسرے ممالک کو بلاوجہ شامل کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہے۔