وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج کہیں کہیں بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہورہی ہیں۔ 17 اگست سے ان کی شدت میں اضا فے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 اگست کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 15 سے 21 اگست کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب اور آزاد کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں اچانک طغیانی آسکتی ہے۔ 18 سے 21 اگست کے دوران ڈیرہ غازی خان اور مشرقی بلوچستان میں پہاڑی سلسلوں سے آنے والے ریلوں کا خطرہ ہے۔
مزید برآں، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے، جبکہ موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں جیسے کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عوام، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر حساس علاقوں کا سفر نہ کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔