پاکستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت شمالی و پہاڑی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے شدید تباہی مچ گئی۔ مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 تک پہنچ گئی جن میں غذر کے 8، آزاد کشمیر کے 7 اور دیامر کے 2 افراد شامل ہیں جبکہ درجنوں مکانات، پل اور سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں۔
گلگت بلتستان کی صورتحال
شدید بارشوں اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے گلگت بلتستان کے کئی علاقے شدید متاثر ہوئے،ضلع غذر میں طغیانی کے باعث اشکومن روڈ آٹھ مقامات سے بند ہو گئی ایک گاڑی ریلے میں بہہ گئی اور تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 7 افراد پانی کی زد میں آئے جن میں سے 3 جان بحق ہوگئے،دیامر میں دو افراد بہہ گئے جبکہ تھوئی میں ایک شخص لاپتہ ہے۔
اسکردو میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد برگے اور رگیول نالوں میں شدید طغیانی آئی جس سے دیہات خطرے کی زد میں ہیں اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں، ہنزہ، نگر اور سکردو میں کئی رہائشی مکانات اور سرکاری عمارتیں تباہ ہوگئیں، کھڑی فصلیں اور باغات پانی میں بہہ گئے، شاہراہِ قراقرم، شاہراہ بابوسر، گلگت اسکردو روڈ اور متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں۔
آزاد کشمیر میں تباہی
آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد کے علاقے سچہ میں کلاؤڈ برسٹ سے نالے میں شدید طغیانی آئی ایک مکان بہہ گیا اور ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
یہ خبربھی پڑھیں :محکمہ موسمیات نے طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کردی