بلوچستان کے نوجوان سمجھدار، پاکستان کے ساتھ مخلص، عوام خود دہشتگردوں کی نشاندہی کریں، ڈی جی آئی ایس پی آر

بلوچستان کے نوجوان سمجھدار، پاکستان کے ساتھ مخلص، عوام خود دہشتگردوں کی نشاندہی کریں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام جاری انٹرن شپ پروگرام کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبا سے خصوصی نشست کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر بلوچستان، قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی جیسے اہم موضوعات پر کھل کر بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خصوصی نشست، طلبا و طالبات کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا

نشست کے دوران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے اہم سوالات کیے جن کے انہوں نے مفصل اور دوٹوک جوابات دیے۔ دہشتگردی کے خلاف بڑے آپریشن کے مطالبے پر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ صرف آپریشن کرنا کافی نہیں، بلکہ یہ تبھی مؤثر ہوتا ہے جب مقامی عوام خود دہشتگردوں کی نشاندہی کریں۔

’بلوچستان کے عوام پاکستان سے جُڑے ہوئے ہیں‘

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس تاثر کو رد کیا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے دور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہمارے ذہنوں میں یہ ڈال دیا جاتا ہے کہ بلوچستان کے عوام میں پاکستان کے خلاف کچھ پنپ رہا ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے درمیان تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں‘۔

دہشتگردی کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کی اہمیت

انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں کامیاب آپریشن وہی ہوتا ہے جس میں عوام کی مکمل حمایت شامل ہو۔ ’ فوج کی دلچسپی دہشتگردی کے نام پر معصوم جانوں کے نقصان میں نہیں ہے، لیکن اگر کوئی شہری دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے یا بارودی مواد چھپاتا ہے تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے‘۔

شہید میجر محمد انور کاکڑ کو خراج تحسین

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان کے عظیم سپوت شہید میجر محمد انور کاکڑ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ میجر انور ایک شاندار افسر اور دھرتی کا عظیم بیٹا تھا، جس نے گوادر پی سی ہوٹل حملے میں کئی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا‘۔

مزید پڑھیں:پاکستان پرامن اورترقی پسند ملک، دشمن کو ہماری یکجہتی کی وجہ سے ہمیشہ مذموم مقاصدمیں مایوسی ہوگی ، ڈی جی آئی ایس پی آر

بلوچ عوام دہشتگردوں سے تنگ آ چکے ہیں

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب خود دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔’ بلوچستان کے لوگ سمجھدار، با شعور اور پاکستان سے مخلص ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف خود کھڑے ہو رہے ہیں‘۔

بلوچستان کی ترقی کے روشن پہلو

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان میں تعلیم اور ترقی کی مثبت مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’کیمبرج یونیورسٹی کے مایہ ناز سائنسدان صمد یار جنگ کا تعلق بلیدہ سکول، بلوچستان سے ہے‘، شاہ زیب رند اور دیگر نوجوان اپنی محنت سے اپنی تقدیر کے مالک بن چکے ہیں، بلوچستان کی بچیاں آج ضلعوں میں ڈپٹی کمشنر کے عہدوں پر فائز ہیں‘۔

پاکستان، ایک نظریاتی ریاست

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر طلبا کو پاکستان کے نظریاتی تشخص کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ’ پاکستان کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا، یہاں کسی کو نسل، رنگ یا زبان کی بنیاد پر برتری حاصل نہیں‘۔ انہوں نے حدیثِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’ نہ کوئی عربی کو عجمی پر فوقیت حاصل ہے اور نہ کسی گورے کو کالے پر‘، اسی طرح پاکستان کے اندر بھی ہم سب ایک ہیں۔

بلوچستان کی آبادی اور ساخت پر وضاحت

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی آبادی 1.5 کروڑ کے لگ بھگ ہے، جن میں سے تقریباً 50 فیصد لوگ پاکستان کے دیگر حصوں میں رہتے ہیں۔ بلوچستان کی آبادی صرف بلوچوں پر مشتمل نہیں بلکہ 30 فیصد سے زیادہ پشتون بھی اس کا حصہ ہیں۔ ’ جتنے بلوچ بلوچستان میں بستے ہیں اس سے زیادہ تعداد میں سندھ اور جنوبی پنجاب کے قبائل میں آباد ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج قومی اتحاد و استحکام کی علامت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری کا دورۂ جامعہ آزاکشمیر کے موقع پر خطاب

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف فوج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ ’ ہمیں بلوچستان کے عوام اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرنا ہے، تاکہ ایک پرامن اور خوشحال پاکستان ممکن بنایا جا سکے‘۔

یہ نشست طلبا کے لیے نہ صرف سیکھنے کا موقع تھی بلکہ ملک کے اہم ایشوز پر گہرائی سے آگاہی حاصل کرنے کا ایک منفرد تجربہ بھی رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *