پاکستان اسپیس اینڈ اپر اٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے زمین کے مدار میں فعال ہو گیا ہے۔
ترجمان سپارکو نے بتایا کہ یہ سیٹلائٹ 31 جولائی 2025 کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا تھا اور کامیاب لانچ کے بعد گراؤنڈ اسٹیشنز کے ساتھ مستحکم رابطہ قائم کر چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیٹلائٹ نے خلا سے ہائی ریزولوشن تصاویر حاصل کر کے زمین پر بھیجنا شروع کر دی ہیں، جس کے ذریعے مختلف قومی شعبوں کو اہم ڈیٹا دستیاب ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ سیٹلائٹ جدید تصویری صلاحیت رکھتا ہے جو شہری منصوبہ بندی، انفرا اسٹرکچر کی ترقی اور علاقائی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ نظام شہری پھیلاؤ اور ترقی کے رجحانات کی نگرانی میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
مزید بتایا گیا کہ یہ سیٹلائٹ قدرتی آفات سے بچاؤ کے نظام کو بہتر بنائے گا اور سیلاب، زمین کے کھسکنے، زلزلوں اور دیگر خطرات کے دوران بروقت ڈیٹا فراہم کر کے فوری ردعمل کو ممکن بنائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی منصوبوں، خصوصاً سی پیک میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔