روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خط لکھ کر پاکستان میں سیلاب کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیوٹن نے خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب ایران اور سعودی عرب نے بھی حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام سے تعزیت کی اور متاثرین کی بحالی کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہر طرح کی انسانی و امدادی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ادھر سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں حکومت پاکستان اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی گئی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں حالیہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں 344 افراد جاں بحق اور 148 زخمی ہو چکے ہیں۔