وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان، امدادی سامان روانہ

وفاقی حکومت کا سیلاب متاثرین کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان، امدادی سامان روانہ

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کو قومی ریلیف اسٹاک کے تین ٹرک فراہم کردیے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 585 ٹن راشن عطیہ کیا، جب کہ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذریعے باجوڑ کو 800 کلوگرام سے زائد ادویات دی گئیں۔ ادارے نے بتایا کہ بونیر میں ایک لاکھ 9 ہزار 515 امدادی اشیا تقسیم کی گئیں، اس کے علاوہ ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) نے 2 ہزار ترپالیں، 330 خیمے اور 6 ٹن خشک راشن متاثرین تک پہنچایا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق یہ امداد سوات، بونیر، شانگلہ اور باجوڑ میں پہنچائی گئی ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں کے لیے اس سے دگنا امدادی سامان بھی پیکنگ کے مراحل میں ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان مانسہرہ میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر یہاں پہنچے ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں تعینات فوج سیلاب سے متاثر عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی ہدایات

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 328 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔ بونیر میں مکینوں کے آشیانے اجڑ گئے ہیں، ہر طرف ملبے اور سیلابی ریلے کے ساتھ بہہ کر آنے والے بڑے پتھروں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار اور مقامی رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

مزید برآں، سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر اور بٹگرام میں 31 اگست تک ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *