لودھراں میں کراچی جانے والی عوامی ایکسپریس ٹرین جنکشن کے قریب مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
حادثے میں کم از کم 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جاں بحق شخص کی شناخت وقاص احمد کے نام سے ہوئی جو ضلع خوشاب، تحصیل نوشہرہ، محلہ دھرم سال کا رہائشی تھا۔
ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک سب سے زیادہ متاثرہ بوگی کو کاٹ کر اندر موجود مسافروں کو نکالا گیا،حادثہ دو بج کر دس منٹ کے قریب پیش آیا، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کا علاج شروع کر دیا اور لائن کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے متاثرہ سیکشن کی بحالی اور متبادل راستوں کے بارے میں جلد باضابطہ اطلاع دی جائے گی۔