ریلوے ٹریک دھماکہ ،بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس عارضی معطل

ریلوے ٹریک دھماکہ ،بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس عارضی معطل

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تھیں جس سے ٹرین سروس شدید متاثر ہوئی۔

ریلوے حکام کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس مستونگ کے قریب پہنچ چکی تھی۔

 زور دار دھماکے کے باعث چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں  تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز، ریسکیو عملہ اور ریلوے کی تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ٹریک کی بحالی اور مرمت کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے تاکہ سروس جلد بحال کی جا سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :خانپور کے قریب عوام ایکسپریس کی پٹڑی سے اتر گئی، مسافر پھنس گئے، ٹریک بند

حکام نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرینوں کی آمد و رفت کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ آج (10 اگست) پشاور سے کوئٹہ آنے والی اور کل کوئٹہ سے راولپنڈی روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس نہیں چلے گی۔ اسی طرح 13 اور 14 اگست کو بھی اس ٹرین کی سروس بند رہے گی۔

مزید برآں  کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کی روانگی بھی فی الحال روک دی گئی ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق بولان میل کی سروس 17 اگست سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل ریلوے ہیڈکوارٹرز یا ہیلپ لائن سے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق ضرور کر لیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *