نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی صورتحال پر نیا الرٹ جاری کردیا ہے۔
ادارے کے مطابق گلگت بلتستان میں سومرو پل، گانچھے، سالتورو پل اور باغیچہ سکردو پل کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں سفر سے مکمل گریز کریں۔
پورٹ کے مطابق جگلوٹ سکردو روڈ پر آمدورفت مکمل طور پر بند ہے، جبکہ دیان، تھلی بروق اور کلٹی کے راستے بھی متاثر ہوئے ہیں جس کے باعث وہاں سفر ممکن نہیں رہا۔
اسی طرح جگلوٹ، گورو اور نلتر روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔
ہنزہ کی گلمت اور گوجال کی سڑک پر بھی ٹریفک معطل ہے، جبکہ بابوسر ٹاپ روڈ پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ تورغر، بٹگرام، شانگلہ، لوئر کوہستان، تتہ پانی، گلگت، ہنزہ اور سوات کی سڑکوں پر بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات موجود ہیں۔
حکام نے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی تاکید کی ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے اموات کی تعداد 400 سے متجاوز ہوچکی ہے ، جبکہ درجنوں گھروں اور رابطہ سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔