امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی حالیہ ملاقات میں ایسے اہم امور زیر غور آئے جو جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
روبیو نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کے لیے سیکورٹی ضمانتوں پر بات چیت انتہائی ضروری ہے تاکہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پیر کو یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی اور دیگر یورپی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس میں تمام متعلقہ پہلوؤں پر تفصیلی اور گہری بات چیت کی جائے گی تاکہ ممکنہ امن کے راستے واضح ہو سکیں۔
روبیو نے خبردار کیا کہ ممکن ہے امریکا فوری طور پر کوئی مؤثر منصوبہ پیش نہ کر سکے اور یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ بہت قریب ہے۔
ان کے مطابق امریکا اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، لیکن عالمی پیچیدگیوں اور موجودہ حالات کی وجہ سے فوری کامیابی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔