وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی ویڈیوز ہمارے پاس ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں سیمینار سے خطاب میں کہا کہ رواں برس مئی میں ہونے والی جنگ میں بھارت کے تمام 6 طیاروں کے تباہ ہونے کی ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں۔ بھارتی طیارے گرانے کے بعد ہی یہ فیصلہ کیا تھا کہ ثبوت آنے تک اعلان نہیں کریں گے۔ بھارت کے طیارے گرنے کے ثبوت منٹوں میں ہمارے پاس آئے، جس کا آج اعلان کر رہا ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت نے ہماری ایک بیس پر 7 میزائل فائر کیے لیکن ان میں سے ایک بھی بیس کے اندر نہیں گرا۔ پاکستان نے بھارت کے سب سے بڑے آئل اسٹوریج پر میزائل فائر کیے۔ بھارت کی بہت سی چیزیں ٹارگٹ پر تھیں اور ہم مزید حملے کرسکتے تھے۔ لیکن ہماری کوشش تھی کہ بھارت کو ڈراما کرنے کا موقع نہ دیں اس جنگ میں ہمیں اللہ کی غیبی مدد حاصل تھی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج، ایئر فورس اور بحریہ نے ایک حکمت علمی کے تحت جنگ لڑی۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو کریڈٹ جات ہے کہ انہوں نے اس پریشر کو قبول کیا اور بھارت کو بھرپور جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ چند لوگ اس موقع پر بھی انٹیلی جنس ایجنسیز کو برا بھلا کہنے سے باز نہیں آتے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز نے پاک بھارت جنگ میں پس پردہ بہترین کام کیا۔ بھارت کا ایک ایک فیصلہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز کے پاس ہوتا تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت مرسڈیز اور پاکستان ڈمپر کی طرح ہے اور یہ ڈمپر بھی پتھروں اور مٹی سے لدا ہوا ہے۔ جب مرسڈیز اور ڈمپر کی ٹکر ہوگی تو سمجھ لیں کہ کیا ہوگا۔ یہی بھارت کے ساتھ ہوا۔ اس جنگ میں پاکستان میں مثالی اتحاد دیکھا گیا اور تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر اکٹھی تھیں دوسری جانب بھارت کا آرمی چیف اور ایئر چیف الگ الگ مودی سے مل رہے تھے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈرامے اور پاک بھارت جنگ کے پیچھے اجیت دوول اور میت شاہ کا کردار تھا۔ یہ دونوں مودی کے ساتھ بھارت کو بھی لے ڈوبیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کھلے عام بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ ہم کشمیر کا پیچھا اس وقت تک کریں گے جب تک کشمیریوں کوان کا حق نہیں ملتا۔ جنگ کے بعد بھارتی وفد امریکا گیا اور لابنگ کرنے کی کوشش کی، لیکن بلاول بھٹو زرداری اکیلے ان دس پر بھاری تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت نے 7 مئی کی شب بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ تاہم پاک فوج نے اس کارروائی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب 10 مئی کی علی الصباح آپریشن بنیان مرصوص کے نام سے لانچ کیے گئے آپریشن کے ذریعے دیا۔
پاک فضائیہ نے صرف چند گھنٹوں میں بھارتی غرور خاک میں ملاتے ہوئے اس کے پورے ایئر ڈیفنس کو تباہ کر دیا، جس کے بعد مودی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔