پنجاب میں مون سون کی شدید بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری اور گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاح ممکنہ کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔ اس کے علاوہ مری میں بھی سیاحوں کی آمد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ مری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس حساس علاقوں میں الرٹ رہے، سیاحوں کو فلیش فلڈنگ اور بارشوں سے متعلق آگاہی دی جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی بارشوں کا 7واں سلسلہ 23 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران بالائی پنجاب راولپنڈی مری گلیات جہلم چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔
دوسری جانب ٹیکنیکل ایکسپرٹ این ڈی ایم اے ڈاکٹر طیب شاہ نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جن میں مزید شدت متوقع ہے،افغانستان کے ننگرہار اور قندھارریجن سے ایک سلسلہ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے، اس کے علاوہ خلیج بنگال کی جانب سے بھی ایک نیا بارشوں کا سلسلہ پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ڈاکٹر طیب شاہ کا کہنا ہے کہ 22 اگست کے بعد مون سون کا ایک اور سلسلہ شروع ہو گا، بارشوں کے 3 مزید سلسلے پاکستان کی جانب ڑھ رہے ہیں، شمالی علاقہ جات اور پنجاب کے علاقے شدید خطرات کا شکار ہیں۔
ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے بریگیڈیئر کامران نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فروری 2025 سے موجودہ مون سون کےلیے تیاری شروع کردی گئی تھی، صوبائی حکومتوں کے ساتھ موجودہ مون سون کےلیے نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات کیے گئے،بونیر اور باجوڑ میں تباہی کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ہوئی،دو روز میں 337 لوگ اب تک جاں بحق اور 178 لوگ اب تک زخمی ہیں۔
بریگیڈیئر کامران نے کہا کہ آرمی اور ایف سی کے ذریعے صوبائی حکومت کو ریسکیو کے لیے وسائل مہیا کیے،کل بونیر میں وفاق کی طرف سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ روانہ کی جائے گی۔