خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور دیگر شمالی علاقہ جات میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث شدید تباہی ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، انجینیئر کور، ایف ڈبلیو او اور دیگر ادارے مسلسل چوتھے روز بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن

بونیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ اور مالاکنڈ ڈویژن میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں راشن، طبی امداد اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے نے فلڈ الرٹ جاری کر دیا

پاک فوج کی انجینئر کور متاثرہ علاقوں میں سڑکیں بحال کرنے، راستے کھولنے اور ملبہ ہٹانے میں سرگرم ہے۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم  بھی متاثرہ علاقوں میں زخمیوں اور جاں بحق افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ڈاکٹرز نے فری میڈیکل کیمپس لگا رکھے ہیں، جہاں عوام کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات تک منتقل نہیں کیا جاتا۔

گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیاں

گلگت بلتستان میں شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے بعد زمینی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ پاک فوج کی انجینیئر کور اور ایف ڈبلیو او نے شاہراہ قراقرم، بابوسر ٹاپ روڈ، جگلوٹ-سکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور ہنزہ روڈ کو کھول دیا ہے، جس سے علاقے کا بیرونی دنیا سے رابطہ بحال ہو گیا ہے۔

مقامی عوام کا پاک فوج سے اظہار تشکر

متاثرہ علاقوں کے عوام نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’جب کوئی حکومتی نمائندہ یہاں نہ پہنچ سکا، تو فوج نے بروقت ہماری مدد کی۔ ہیلی کاپٹرز میں امداد، ریسکیو اور پلوں کی بحالی دیکھ کر دل خوش ہو گیا‘۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 189 تک پہنچ گئی

باجوڑ اور دیر کو ملانے والے اہم جار پل کی بحالی پر کام شروع ہونے پر مقامی آبادی نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’یہ پل ہماری زندگی کی شہ رگ ہے۔ پاک فوج نے وقت پر کام شروع کیا، جو ہمارے لیے بڑی راحت ہے‘۔

ایبٹ آباد، گلیات میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ

ایبٹ آباد اور گلیات میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے بعد متعدد سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ سے چھانگا گلی، ایوبیہ، توحید آباد سمیت کئی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق، ہیوی مشینری کے ذریعے سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے اور عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

تعلیمی ادارے بھی متاثر

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب اور بارشوں سے تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق اب تک 22 اسکول مکمل جبکہ 228 جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 اساتذہ اور 2 طلبا شامل ہیں، جبکہ کئی اساتذہ اور طلبہ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

محکمہ تعلیم نے “فلڈ ایمرجنسی سیل” قائم کر دیا ہے جو مکمل ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مصروف ہے۔

سیلاب کی اس ہولناک صورتحال میں پاک فوج، انجینئر کور، ایف ڈبلیو او، اور دیگر ادارے نہ صرف سڑکوں کی بحالی بلکہ انسانی جانیں بچانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے عوام نے مشکل وقت میں بروقت مدد فراہم کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *