پاکستان کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس اچانک متاثر ہوگئی، جس کے باعث صارفین کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔
ویب سائٹس کی بندش اور انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے عالمی پلیٹ فارم ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے صارفین نے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ میں تعطل کی شکایات درج کرائی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان ان علاقوں میں شامل ہیں جہاں صارفین کو انتہائی سست رفتار یا مکمل ڈس کنکشن کا سامنا ہے۔
تاحال پی ٹی سی ایل نے نہ تو سروس متاثر ہونے کی وجوہات بتائی ہیں اور نہ ہی بحالی کے وقت کے بارے میں کوئی وضاحت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس معطل
دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین طنز و مزاح کے ساتھ ساتھ کمپنی سے فوری طور پر سروس بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی سی ایل پاکستان کی سب سے بڑی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی ہے، اور اس کی سروس میں تعطل کے باعث لاکھوں صارفین متاثر ہوتے ہیں، خاص طور پر وہ افراد جو گھریلو یا پیشہ ورانہ کاموں کے لیے انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں۔