پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے قومی سیاست میں اہم فیصلے کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے اعظم خان سواتی کو نامزد کر دیا ہے۔
یہ نامزدگیاں عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے رہنماؤں کو بتائیں، جہاں انہوں نے پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت دی کہ ضمنی انتخابات سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے، اور اس مقصد کے لیے سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی ان نامزدگیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق آئندہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، جس کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔