کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع سی بریز بلڈنگ میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
دھماکے کی شدت سے اطراف میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔ دھماکوں کے بعد ایم اے جناح روڈ کو بند کردیا گیا، جبکہ اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق صدر سی بریز پلازہ کے قریب پٹاخوں کے کارخانے میں دھماکہ اور آتشزدگی کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 ہوچکی ہے۔ زخمیوں کو سول اور جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں سے 13 زخمی جناح اسپتال جبکہ 7 سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آگ پر جلد قابو پایا جائے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔
انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ شہر اور آبادی کے درمیان ایسے کسی بھی مواد کی تیاری کی اجازت نہ دی جائے جو نقصان کا باعث بن سکتا ہو، اور آگ پر قابو پانے کے بعد واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔