چھوٹے دکانداروں سے متعلق بجٹ میں بڑا فیصلہ

چھوٹے دکانداروں سے متعلق بجٹ میں بڑا فیصلہ

وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک آسان اور منفرد فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرانے کی تجویز پیش کر دی ہے جس کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے سے کم کاروباری حجم رکھنے والے دکاندار صرف ایک فیصد فکس ٹیکس ادا کریں گے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت اہل دکاندار اپنی خریداری پر کٹنے والے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ایڈجسٹ بھی کر سکیں گے۔ تاہم ٹیکس گوشوارہ جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے کی ادائیگی لازمی ہوگی۔

وزیر خزانہ کے مطابق اس سکیم کا ایک اہم فائدہ یہ ہوگا کہ فکسڈ ٹیکس نظام اختیار کرنے والے دکانداروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہیں خریداری پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی ذمہ داری سے بھی استثنا حاصل ہوگا اور پی او ایس مشین نصب کرنے کی شرط بھی لاگو نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں فائلرز کے لیے جائیداد پر ودہولڈنگ ٹیکس میں بڑی کمی کی تجویز

حکومت نے اس سکیم میں شامل دکانداروں کے لیے ایک خصوصی سبز رنگ کی شناختی تختی دینے کی تجویز بھی دی ہے۔ اس تختی پر تصدیقی کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے دکان کے باہر نصب کیا جا سکے گا۔ حکام کے مطابق ایسی دکانوں میں ایف بی آر اہلکاروں کو معمول کی پوچھ گچھ کے لیے داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، جس سے تاجروں کو غیر ضروری مداخلت سے تحفظ ملے گا۔

بجٹ تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ اس سکیم کے تحت ٹیکس گوشوارہ انتہائی سادہ اور صرف ایک صفحے پر مشتمل ہوگا۔ مزید برآں یہ فارم اردو سمیت مختلف مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ ملک بھر کے چھوٹے کاروباری افراد آسانی سے اسے پُر کر سکیں۔

Related Articles