پاکستان اور بنگلا دیش نے ایک اہم معاہدے کے تحت اپنے سفارتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کو بغیر ویزا کے ایک دوسرے کے ممالک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا حاصل کیے بغیر آمد و رفت کر سکیں گے،پاکستانی اہلکار بنگلا دیش جبکہ بنگلا دیشی اہلکار پاکستان میں براہِ راست سفر کرسکیں گے۔
یہ معاہدہ ڈھاکا کے علاقے تَیج گاؤں میں چیف ایڈوائزر کے دفتر میں ہونے والے اجلاس کے دوران ایڈوائزری کونسل کمیٹی کی منظوری کے بعد طے پایا، بنگلا دیش نے یہ سہولت ابتدائی طور پر آئندہ پانچ برس کے لیے فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے بعد بنگلا دیش کے ویزا فری معاہدوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے، کیونکہ اس سے قبل وہ 30 ممالک کے ساتھ اسی نوعیت کے انتظامات کر چکا ہے، پاکستان کی حکومت نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور سفارتی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔