نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے دورۂ بنگلہ دیش کے دوران دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈھاکا میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کی اہم تجارتی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے وزیرِ تجارت بھی شریک تھے۔
نائب وزیراعظم کی ملاقات بنگلہ دیش کے کامرس ایڈوائزر جناب شیخ بشیر الدین اور مشیر خارجہ امور توحید حسین سے ملاقات میں اعلیٰ حکام اور بنگلہ دیش کے سرکاری تجارتی اداروں کے سربراہان شریک ہوئے۔
بنگلہ دیش کے سیکریٹریز کامرس و ایوی ایشن، چیئرمین نیشنل بورڈ آف ریونیو بھی موجود تھے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چھ مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کی تقریب
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط ہوگئے۔
ڈھاکہ میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اور بنگلہ دیش کے ایڈوائزر برائے خارجہ امور کی نگرانی میں اہم MoUs اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں کل 6 اہم معاہدے اور MoUs پر دستخط کیے گئے ، جن میں سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کے لیے ویزا ختم کرنے کا معاہدہ، دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان MoU ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (APP) اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (BSS)کے درمیان MoU، انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹیجک اسٹڈیز کے درمیان MoU،شامل ہے ۔
اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کردیا گیا جبکہ ثقافتی تبادلے کے پروگرام 2025-2028 شامل ہے ۔
وزارت خارجہ کے مطابق مذاکرات مثبت اور خوشگوار ماحول میں ہوئے جو دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک کے متعلقہ شعبوں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ بنگلہ دیشی حکومت کی دعوت پر ہو رہا ہے، دورے کے دوران ڈھاکا میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی بنگلہ دیشی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بنگلہ دیش کے تاریخی دورے پر ڈھاکا پہنچے، جہاں ان کا پاکستانی ہائی کمشنرعمران حیدر سمیت بنگلا دیشی اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 23 سے 24 اگست تک بنگلہ دیش کے سرکاری دورے پر قیام کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، یہ گزشتہ 13 سال کے دوران کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کا مظہر ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اس دورے کی دعوت بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے دی گئی تھی ، اسحاق ڈار کے استقبال کے لیے ڈھاکا ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم سیام، پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال خان اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔