اسحاق ڈار کا سعودی عرب کا اہم دورہ، او آئی سی اجلاس میں فلسطین کی صورتحال زیرِ غور ہوگانائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار 25 سے 26 اگست تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
وہ جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کریں گے،اسحاق ڈار ڈھاکا کے دورے کے بعد براہِ راست جدہ روانہ ہوں گے۔
اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا، اس موقع پر اسرائیلی جارحیت اور غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
او آئی سی وزرائے خارجہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر غور کر ینگے،پاکستان ہمیشہ عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہا ہے اجلاس میں بھی اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرے گا۔
اسحاق ڈار اسرائیل کے تمام مقبوضہ علاقوں بشمول یروشلم سے انخلا کا مطالبہ کریں گے جبکہ پاکستان کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی فوجی کنٹرول کے منصوبے کو مسترد کیا جائے گا۔
پاکستان فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی پر زور دے گا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کو دہرائے گا،اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔